اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ عمران خان کی اہلیہ، سابق خاتون اول بشری بی بی لاشیں گرانے کا منصوبہ لیکر اسلام آباد آئیں ہیں، خون خرابے کے بغیر ان کا گزارا نہیں ہے۔اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انھوں نے دوسروں کے بچوں کو سامنے رکھا ہوا ہے، ریاست تحمل کا مظاہرہ کررہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خون خرابے کے بغیر ان کا گزارہ نہیں ہے، عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی لاشیں گرانے کا منصوبہ لیکر اسلام آباد آئی ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ یہ کرائے کے لائے ہوئے لوگوں کو انسانی شیلڈ کیطور پر استعمال کر رہے ہیں، بیلاروس کے صدر نے پاکستان کے حق میں تقریر کی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم تو پاکستان پر جان تک قربان کرنے کو تیار ہیں، بہت آسان ہے کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیں، ملک دشمن ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں، اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان کے عمل کا ردعمل آئیگا، یہ غریبوں کے بچوں کو ایندھن بنا رہے ہیں، آپ کا ملک دشمن نظریہ ہے۔عطاتارڑ نے کہا کہ بشری بی بی ڈی چوک خود پہنچیں، یہ چاہتے ہیں کہ کوئی سانحہ رونما ہوجائے، ریاست فسادیوں اور انتشاریوں کا مقصد پورا نہیں ہونے دیگی۔