چاغی ،سمگلروں کی فائرنگ ، ایک کسٹم اہلکار شہید، 3 اہلکار زخمی

چاغی(صباح نیوز) بلوچستان کے ضلع چاغی میں اسمگلروں کی فائرنگ سے ایک کسٹم  اہلکار شہید دو کسٹم اور ایک لیویز سمیت تین اہلکار زخمی ہو گئے۔لیویز کے مطابق واقعہ چاغی کی تحصیل دالبندین میں چھپرے کے مقام پر  پیش آیا۔ جہاں کسٹم کاعملہ کچے کے راستے پر معمول کے گشت پرتھا کہ اچانک سمگلروں سے سامنا ہوگیا۔کسٹم کے عملے کو دیکھتے ہی سمگلروں نے فائرنگ کر دی فائرنگ کے تبادلے میں ایک کسٹم اہلکار اصغر خان شہید ہو گیا جبکہ دو زخمی ہو گئے ۔

اطلاع ملتے ہی لیویز کی کوئیک رسپانس فورس بھی موقع پر پہنچی ۔ سمگلروں نے ان پرفائرنگ کر دی جس سے ایک لیویزاہلکار   زخمی ہوگیا۔لیویز حکام کے مطابق شہید اور زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق جہاں واقعہ پیش آیا ۔ وہاں وہ غیر روایتی روٹ تھا جہاں سے سمگلنگ کی جاتی ہے۔ علاقے میں کچے کے بارہ راستے ہیں جنہیں سمگلرز اپنے مقاصد کے حوالے سے استعمال کرتے ہیں ۔ لیویز حکام نے کہا کہ جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور شواہد اکھٹے کئے جا رہے ہیں ۔ تحقیقات کاسلسلہ بھی جاری ہے۔