اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ( صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کے دورۂ پاکستان کو تاریخی قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ دورہ پاکستان سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بیلاروس کے صدر کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، یہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بیلاروس میں تعاون بڑھانے کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں پہلے ہی مثالی تعاون جاری ہے اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مثالی تعاون جاری ہے۔ ٹریکٹرز کی پیداوار بنانے پر بات کی جا رہی ہے، بیلاروس پاکستان کو بہت زیادہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ بیلاروس صدر کے وزیراعظم شہبازشریف کیلئے اچھے جذبات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیلاروس شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن بنا دیا گیا، وزیراعظم نے اس پر بھی مبارک باد دی، بیلاروس کے صدر کے دورے سے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے،بیلاروس کے پاکستان سے معاہدوں سے معیشت کو بہت فائدہ ہو گا۔ نواز شریف کے دور حکومت میں صدر الیگزینڈر لوکاشنکو کا دورہ بڑا سود مند رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ دورہ سنگ میل ثابت ہوگا،
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت میں گامزن ہے، ملک میں مہنگائی کنٹرول میں آ رہی ہے، آٹا، بجلی، پیٹرول پچھلے سال کی نسبت سستے ہیں، معیشت بہتر ہو رہی ہے، زرمبادلہ ذخائر، ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان سٹاک ایکسچینج ایک لاکھ پوائنٹ کراس کر گئی، سٹاک ایکسچینج میں تاریخی بہتری معاشی ترقی کی عکاس ہے۔ انھوں نے کہا پنجاب اور وفاق نے مجموعی طور پر 95 ارب روپے کی بجلی پر سبسڈی دی۔ عطا تارڑ نے کہا دوست ممالک کی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عوام نے انتشار کی سیاست کو مسترد کیا ہے۔ انشاء اللہ پاکستان ترقی کرے گا، معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔عوام ترقی اور فلاح و بہبود کی سیاست کے ساتھ ہیں۔