اسلام آباد(صباح نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم رائزنکوف نے پیر کو یہاں دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم اور بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم رائزنکوف نے دو طرفہ اور علاقائی امور اور صدر لوکاشینکو کے دورہ پاکستان کے ایجنڈے اور پروگرام پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے پاکستان بیلاروس تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور باہمی فائدہ مند تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔فریقین نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دو طرفہ تبادلوں اور اعلی سطح کے دوروں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ صدر لوکاشینکو کے دورے سے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے مشرق وسطی کی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایک مربوط نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔