مسلمانوں کی زوال پذیری و تنزلی کا سب سے بڑا سبب قرآن و اسلام سے دوری ہے ، رخشندہ منیب


حیدرآباد ( صباح نیوز)مسلمانوں کی زوال پذیری و تنزلی کا سب سے بڑا سبب قرآن و اسلام سے دوری ہے اس وقت دنیا بھر میں مسلمان ذلیل و خوار اسی لیے ہورہے ہیں کہ احکام الٰہی کو چھوڑ دیا ہے اور دنیاوی طاقتوں کے آگے سجدہ ریز ہوگئے ہیں۔ فلسطینیوں کو جس ایمان و جزبے نے دگرگوں حالات میں بھی کھڑا رکھا ہوا ہے وہ اللہ و قرآن سے محبت ہے۔

ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے حیدرآباد میں منعقدہ سہ روزہ تربیت گاہ برائے ارکان کے شرکائ سے کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان پر لازم ہے کہ اسلام کو نہ صرف اپنی زندگیوں بلکہ  معاشرے میں بھی قائم کرے اور جماعت اسلامی کے ارکان تحریک میں شامل ہی اس عہد کو پورا کرنے کے لیے ہوئے ہیں جو اللہ سے کیا تھا۔عہد رکنیت جنت کے بدلہ اللہ سے اپنے جان و مال کی قربانی کا سودا ہے۔ہماری جدودجہد اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کی نفاذ کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہ ہمیں  اپنے عہد کی تکمیل کے لیے مکمل وفاداری و اطاعت سے کام کرنا لازم ہے۔اگر ہم ایسا نہیں کرتے ہیں تو عہد شکن کہلائیں گے جس کے لیے قرآن میں وعید ہے۔

انہوں نے جماعت کے نصب العین و حلف اور تحریک کے تقاضوں و نظم کی اطاعت پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے شرکائ کو اس راہ میں آنے والی مشکلات و مصائب سے نبرد آزما ہونے کے لیے تیار کیا۔۔علاوہ ازیں ڈپٹی سیکرٹری عطیہ نثار نے فہم قرآن کے حوالے سے سورہ نجم کی تشریح رکھی۔ بعد ازاں ناظمات اضلاع کا سیشن 2024۔ 2026 کے لئے حلف لیا گیا۔