پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی نے شادانی دربار سندھ کے دور ہ کے لیے 87 بھارتی ہندو زائرین کو ویزے جاری کردیئے


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی نے شادانی دربار حیات پتافی، سندھ میں شیو ایوتاری ستگرو سنت شادارام صاحب کے 316 ویں یوم پیدائش کی 24 نومبر تا 4 دسمبر کو منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کے لیے 87 ہندو یاتریوں کو پاکستان کے ویزے جاری کئے ہیں۔

موصولہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اس موقع پر ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے ہندو زائرین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مقدس مذہبی مقامات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ زائرین کو ضروری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔واضح رہے کہ ہندو زائرین کو ویزوں کا اجرا 1974 کے مذہبی مقامات کے دورے پر پاک بھارت پروٹوکول کے فریم ورک کے تحت کیا گیا ہے۔۔