چیئرمین سینیٹ اور اراکین پارلیمنٹ کااین ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں این ای او سی کا دورہ

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے سینیٹر منظور احمد کاکڑ کے ہمراہ جمعہ کو این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرز میں نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا۔ این ڈی ایم اے کے دورہ پر وفدکو این ای او سی کے صلاحیتی دائرہ کار اور پاکستان کے ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کے لائحہ عمل پرایک جامع بریفنگ دی۔علاوہ ازیں سسٹم میں استعمال ہونے والے تیکنیکی فریم ورک، آفات کی تیاری اور قبل از وقت پیشنگوئی کے نظام کے لیے استعمال ہونے والی بین الاقوامی میعار کی ٹیکنالوجی اور ٹولز کے بارے میں بھی وفد کو آگاہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے عمل میں تمام شریک اداروں اور علاقائی ممالک کی راہنمائی کے لیے این ای او سی کے قیام اور فعال کردار کو سراہا۔

انہوں نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، خطرات کے حوالے سے قبل از وقت پیشنگوئی اور ماڈلنگ کے استعمال کو دیکھتے ہوئے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا فعال نظام بروقت اور موثر رسپانس کے لیے بہت ضروری ہے۔ چئیرمین سینیٹ نے آفات سے نمٹنے اور قبل از وقت تیاری کے لیے کیئے گئے اقدامات پر این ڈی ایم اے اور این ای او سی کی پوری ٹیم بلخصوص نوجوانوں کی مہارت اور کوششوں کوبھی سراہا۔چئیرمین سینٹ نے ڈیزاسٹر ریسپانس سسٹم پر اطمینان اور مستقبل کے خطرات سے موئثر انداز میں نمٹنے کے لیئے امید کا اظہار کیا۔