اڈیالہ جیل میں عمران خان کے سیل کو تھانہ قرار دے دیا گیا، سیکیورٹی تعینات

راولپنڈی (صباح نیوز)اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیل کو تھانہ قرار دے کر پولیس کی سیکورٹی تعینات کر دی گئی ہے، 3 سب انسپکٹرز کا سیکیورٹی عملہ 3 شفٹوں میں فرائض انجام دے گا۔

سٹی پولیس آفس (سی پی او) راولپنڈی کی جانب سے جیل سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل اڈیالہ کے نام جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں اڈیالہ جیل کے اسپیشل سیکیورٹی سرکل نمبر 4 میں بند سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو تھانہ نیوٹاون میں انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج مقدمے میں گرفتارکیا جاتا ہے لہذا اڈیالہ جیل کے سرکل نمبر 4 کو تھانہ قرار دیا جارہا ہے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق تھانہ قرار دیے جانے کے باعث عمران خان کے سیل پر پولیس سیکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے، سیکورٹی عملہ 3 مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دے گا۔نوٹیفیکیشن کے مطابق پہلی شفٹ میں سب انسپکٹرمحمد اسلم 3 اہلکاروں سمیت سیکورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے،

دوسری شفٹ میں سب انسپکٹر محمد آصف 3 اہلکاروں سمیت سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ تیسری شفٹ میں سب انسپکٹر محمد ازرم 3 اہلکاروں کے ساتھ ڈیوٹی دیں گے۔پہلی شفٹ صبح 8سے شام 4 بجے، دوسری شفٹ شام 4 سے رات 12 بجے اور تیسری شفٹ رات 12سے صبح 8 بجے تک سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دے گی۔واضح رہے کہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ نیو ٹاون میں درج جلاو گھیراو سے متعلق مقدمہ نمبر 2831 میں عمران خان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکیا تھا۔

یاد رہے کہ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ جیل انتظامیہ نے ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد جمعہ کو عمران خان کی رہائی کی روبکار جاری کردی ہے تاہم راولپنڈی پولیس نے پی ٹی آئی کے بانی کو تھانہ نیوٹاون میں درج مقدمے میں گرفتار کرلیا تھا۔