اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے انفارمیشن ٹیکنالوجی برآمدات کو 25 ارب ڈالر تک پہنچانے کیلئے لائحہ عمل کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کیلئے لائحہ عمل تیار کرے اور تمام متعلقہ ادارے اس حوالے سے مل کر کام کریں، وسائل کے بہتر استعمال اور افرادی قوت کو تعلیم و تربیت کے ذریعے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 25 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر سکتی ہیں ۔ جمعہ کووزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار وزیراعظم نے اپنی زیر صدارت آئی ٹی شعبے کی اصلاحات پر جائزہ اجلاس میں کیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو آئی ٹی شعبے کی برآمدات کو 25 ارب ڈالر تک پہنچانے کیلئے ہر شعبے کی استعداد سے آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم کی آئی ٹی شعبے کو ترجیح بنانے کے ویژن کے نتیجے میں گزشتہ چار ماہ میں آئی ٹی شعبے کی برآمدات میں 34 فیصد اضافہ ہوا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ای گورننس کے حوالے سے پاکستان عالمی رینکنگ میں 14 درجے بہتر ہوا،
2500 نئی آئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جبکہ پاکستان کی آئی ٹی رینکنگ 79 سے بہتر ہو کر 40 ہو گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ 5 برس میں آئی ٹی شعبے کی برآمدات کے حوالے سے 15 ارب ڈالر، ٹیلی کام برآمدات سے ایک ارب ڈالر جبکہ ڈیجیٹائیزیشن سے 10 ارب ڈالر کے حصول کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اجلاس کو آئی ٹی شعبے کی برآمدات کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو مجوزہ لیبر مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی جس کے تحت صنعتوں سے طلب کا ڈیٹا استعمال کرنے کے بعد تعلیمی اداروں کے تعاون سے افرادی قوت کی استعداد بڑھا کر روزگار کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس کو آئی ٹی شعبے میں کام کرنے والے نوجوانوں بالخصوص فری لانسرز کو ترسیلات زر میں سہولت کیلئے مجوزہ منصوبے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے پاس باصلاحیت افرادی قوت اور وسائل کی کمی نہیں۔ وسائل کے بہتر استعمال اور افرادی قوت کو تعلیم و تربیت کے ذریعے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 25 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر سکتی ہیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئی ٹی شعبے کی اصلاحات کا پیش کردہ لائحہ عمل بہترین ہے، اب اس پر عملدرآمد یقینی بنائیں، آئی ٹی برآمدات میں اضافے کیلئے پیش کی گئیں اصلاحات کی راہ میں حائل چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے مل کر تعاون کریں۔وزیراعظم نے کہاکہ آئی ٹی شعبے کی اصلاحات پر عملدرآمد کی میں بذات خود نگرانی کروں گا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تربیت اور ہنر دینے کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن ایک لائحہ عمل تیار کرے۔پاکستانی آئی ٹی ماہرین کی خلیجی ممالک میں طلب موجود ہے، اس حوالے سے بھی تجاویز کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے۔ وزیرِاعظم نے آئی ٹی برآمدات کو بڑھانے کے حوالے سے واضح اہداف وضع کرنے اور ہر اقدام کے حوالے سے مدت کے تعین کی ہدایت کی۔وزیرِاعظم نے آئی ٹی شعبے کی اصلاحات کے نفاذ اور مختلف اداروں کے ساتھ تعاون کے فروغ کیلئے کمیٹی قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیرِ اعظم نے بین الاقوامی پیمنٹ گیٹ ویز کے حوالے سے اس اقدام کو احسن قرار دیتے ہوئے اس پر جلد عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس کو ٹیلی کام شعبے کے حوالے سے اصلاحات سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے آئی ٹی شعبے کی برآمدات میں اضافے کے لائحہ عمل پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ وزیرِ اعظم نے معین مدت میں اس پر عمل درآمد کی ہدایات بھی جاری کیں۔