فیصل آباد (صباح نیوز)پاک فضائیہ کی پہلی خاتون پائلٹ مریم مختارشہید کی برسی کل(اتوار کو) منائی جائے گی۔مریم مختار شہید 24نومبر2015کو پاک فضائیہ کے ایف سیون تربیتی طیارے پر معمول کی پرواز کے دوران میانوالی کے قریب فنی خرابی کے باعث جہاز تباہ ہونے کے نتیجہ میں آبادی کو بچاتے ہوئے شہید ہوگئی تھیں۔
مریم مختار 18مئی 1992کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔انہوں نے انٹر میڈیٹ کا امتحان آرمی پبلک سکول وکالج منیر کینٹ کراچی سے پاس کیا ،وہ فٹبال کی بہترین کھلاڑی ہونے کے ساتھ ساتھ نیشنل ویمن فٹ بال چیمپین شپ میں بلوچستان یونائیٹڈ کیلئے بھی کھیل چکی ہیں۔مریم مختار نے2014 میں پاکستان ائیر فورس میں بطور گریجویٹ کے طور پر شمولیت کی۔ان کا تعلق پی ا ے ایف کے 132ویں جی ڈی پائلٹ کورس سے تھا جس میں 6دیگر خواتین بھی شریک تھیں۔