لاہور (صباح نیوز )لاہورکی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلائو گھیرائو کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی ۔اے ٹی سی عدالت کے جج منظرعلی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں تھانہ مغلپورہ کی حدود میں جلائو گھیرائو کے مقدمے کی سماعت کی جس کے دوران شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفرازچیمہ سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کی گئی۔
عدالت نے الزامات پڑھ کر سنائے تو ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا، تاہم، عدالت نے فرد جرم عائد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کر لیا۔کوٹ لکھپت جیل میں جناح ہائوس جلائو گھیرائو کے چار مقدمات پر بھی سماعت ہوئی۔دوران سماعت ڈاکٹر یاسمین راشد ،عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔عدالت نے شریک ملزم عالیہ حمزہ ، صنم جاوید سمیت دیگر کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔