راولپنڈی(صباح نیوز )پی ٹی آئی کے 24 نومبر کو احتجاج کو روکنے کیلئے پنجاب حکومت متحرک ہوگئی۔راستوں کی بندش کے لیے راولپنڈی میں کنٹینرز لگنا شروع ہوگئے۔ احتجاج ناکام بنانے اور پی ٹی آئی کارکنان کو روکنے کیلئے فوارہ چوک اور لیاقت روڈ پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔لیاقت روڈ پر چرچ کے قریب سڑک کی سائیڈ پر ایک اور فوارہ چوک پارکنگ پلازہ کے سائیڈ پر دو کنٹینرز رکھے گئے ہیں۔حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کا احتجاج روکنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ مزید کنٹینرز کو شہر کی مرکزی شاہراوں اور راستوں پر پہنچایا جارہا ہے۔ ابھی کنٹینرز کو شاہراوں کے سائیڈز پر رکھا جائے گا۔
راولپنڈی پولیس نے راولپنڈی کے 47 مقامات پر سیلنگ کا فیصلہ بھی کر رکھا ہے جبکہ شہر کینٹ اور گرد نواح میں 34 مقامات پر پولیس پکٹس بھی قائم کی جائیں گے۔مجموعی طور پر ساڑے چار ہزار سے زائد نفری 24 نومبر کو امن وامان قائم رکھنے کے لیے ڈیوٹی سرانجام دے گی۔دوسری جانب سنٹرل جیل اڈیالہ اور اڈیالہ روڈ پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں۔اڈیالہ روڈ کو بھی مختلف مقامات سے سیل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، راولپنڈی شہر و کینٹ کی اہم تنصیبات پر سیکورٹی سخت پولیس کمانڈوز تعینات کردئیے گئے ہیں۔پولیس کے سینیئر آفیسر کے مطابق شہر کی سیکورٹی اور امن وامان کو قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن حد تک انتظامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔
بانی پی ٹی ائی کی 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال کے بعد راولپنڈی میں 26 نومبر تک دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق شہر میں ہر قسم کے جلسے جلوس ریلیوں اور چار سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔ علاوہ ازیں حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے کے 3 اضلاع راولپنڈی، اٹک اور جہلم میں رینجرز طلب کرلی ہیں۔محکمہ داخلہ پنجاب کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز توصیف صبیح گوندل کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو بھجوائے گئے خط میں راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز کے 2، 2 ونگز جبکہ جہلم میں رینجرز کی 1 کمپنی تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز جمعہ 22 نومبر سے غیر معینہ مدت کے لیے تعینات ہوں گی جبکہ جہلم میں 22 سے 27 نومبر تک رینجرز تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی، اٹک اور جہلم میں رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر کیا گیا، محکمہ داخلہ پنجاب نے پاکستان رینجرز پنجاب کی خدمات کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ درخواست بھجوا دی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کررکھا ہے جبکہ وفاقی حکومت اس مارچ کو روکنے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔