تعلیمی اداروں میں ہونے والی کرپشن اور اقربا پروری مزید نہیں چلنے دینگے۔ احسن ممتاز


راولپنڈی (صباح نیوز)  ناظم اسلامی جمعیت طلبہ راولپنڈی شہر احسن ممتاز نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں ہونے والی کرپشن اور اقربا پروری مزید نہیں چلنے دینگے۔قومی اور نظریاتی تنظیموں کا راستہ روک کر من پسند لسانی و علاقائی گروپوں کی سرپرستی۔ ملکی سالمیت کے لیے زہر قاتل ہے۔یونین سازی طلبہ کا جمہوری و ائینی حق ہے اورہم یہ حق حاصل کر کے دم لیں گے ،ن خیالات کا اظہار ناظم اسلامی جمعیت طلبہ راولپنڈی شہر احسن ممتاز نے یونین کی بحالی کے لیے احتجاج کرنے والے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس مظاہرے کا اہتمام راولپنڈی شہر کے مختلف تعلیمی اداروں نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔مظاہرے کا آغاز گورڈن کالج روڈ سے ہوا اور زبردست نعرہ بازی کرتے ھوئے طلبہ جب پریس کلب راولپنڈی پہنچے تو مظاہرے نے ایک جلسے کی صورت اختیار کر لی ،ناظم شہر نے مزید کہا کہ اگر جمہوریت کے دعویدار حکمرانوں نے ھمارے پر امن احتجاج پر کان نہ دھرے تو ھم طلبہ کے حقوق کے حصول کے لیے راست اقدام سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔احتجاجی مظاہرے میں مختلف جامعات اور کالجوں کے ناظمین  اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی،ناظم شہر کے خطاب کے بعد طلبہ پر امن طور پر منتشر ہو گئے