عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ماحولیاتی خطرات کے خلاف مالیاتی ریزیلینس کے لیے پاکستانی کوششوں کی حمایت کرے، رومینہ خورشید عالم


باکو(صباح نیوز )وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ پاکستان کاپ ۔29 میں گلوبل شیلڈ سے مستفید ہونے والا پہلا ایشیائی ملک بن گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں جاری اقوام متحدہ کے کاپ۔ 29 اجلاس کے موقع پر بدھ کو پاکستان کی ریکوسٹ فار کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر رسک فنانس اینڈ انشورنس سپورٹ کو گلوبل شیلڈ کے حوالے کرنے کی تقریب کے موقع پر کیا۔

رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ پاکستان نے آب و ہوا سے پیدا خطرے والے پانچویں ملک کے طور پر مالی تحفظ کو بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی نے گلوبل شیلڈ کے ذریعے طے شدہ مالیات کو بڑھانے کے لیے تعاون کی درخواست کو حتمی شکل دی ہے،

گلوبل شیلڈ کے تحت پاکستان کی حکمت عملی جدید مالیاتی آلات اور عالمی شراکت داری کو بروئے کار لانے کے عزم کی مثال ہے۔وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ماحولیاتی خطرات کے خلاف مالیاتی ریزیلینس کے لیے پاکستانی کوششوں کی حمایت کرے۔