اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان سمیت دنیا بھرمیں بچوں کاعالمی دن آج منایاجارہا ہے۔
اس سال اس دن کا موضوع ” مستقبل کو سنو،بچوں کے حقوق کے لئے کھڑے ہوجائو ”ہے۔
مختلف سرکاری اورغیرسرکاری تنظیمیں آج متعدد تقاریب منعقد کریں گی جن میں بچوں کی بنیادی ضروریات اوران کے حقوق کے تحفظ کے لئے کوششوں کواجاگر کیاجائے گا۔ اقوامِ متحدہ نے پہلی مرتبہ 20 نومبر 1954 کو انٹرنیشنل چلڈرن ڈے منانے کا اعلان کیا تھا تاکہ بچوں کی تعلیم و تربیت، معاشرتی و مذہبی تربیت سے متعلق شعور اجاگر کیا جا سکے اور دنیا بھر کے بچے مستقبل میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔
اس دن کو منانے کا مقصد بچوں کی عزت افزائی، حوصلہ افزائی اور حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے، دنیا بھر میں بچوں کو تشدد کی مختلف اقسام کا سامنا ہے جس سے بچوں کی نشوونما پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔یوم اطفال منانے کا مقصد عالمی سطح پر بچوں کے حقوق کو فروغ دینا اور ان کی تعلیم، صحت اور ایک بہتر زندگی کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے، اس دن کی ایک اور اہمیت 20 نومبر 1989 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بچوں کے حقوق کا عالمی کنونشن منظور کیا جانا ہے۔اس کنونشن نے بچوں کے حقوق کو بین الاقوامی سطح پر قانونی حیثیت فراہم کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ دنیا کے تمام بچے محفوظ، خوشحال اور تعلیم یافتہ مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم محمد شہبازشریف ، چیرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بچوں کے حقوق،فلاح وبہبود اور ان کی بہتری کے لئے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کااعادہ کیا ہے۔بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے والدین،اساتذہ، سول سوسائٹی اور پالیسی سازوں پرزوردیا کہ مل کرایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں ہر بچہ محبت قدراور خود کو محفوظ محسوس کرے۔
وزیراعظم نے کہا یہ دن اس اجتماعی ذمہ داری کی یاددہانی کراتا ہے کہ کسی امتیاز کے بغیر ہربچے کے حقوق کا تحفظ اور ان کی تکمیل کی جائے، حالات سے قطع نظر ہر بچے کو معیاری تعلیم تک رسائی، صحت اور محفوظ و پرورش والا ماحول میسر ہو۔انہوں نے زوردیا یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم انہیں وہ سہولیات اور مواقع فراہم کریں جن کی انہیںمکمل صلاحیتیں حاصل کرنے اور معاشرے میں مثبت کردار اداکرنے کے لئے ضرورت ہے۔اس سال اس دن کا موضوع ” مستقبل کو سنو،بچوںکے حقوق کے لئے کھڑے ہوجائو ”ہے مختلف سرکاری اورغیرسرکاری تنظیمیں آج متعدد تقاریب منعقد کریں گی جن میں بچوں کی بنیادی ضروریات اوران کے حقوق کے تحفظ کے لئے کوششوں کواجاگر کیاجائے گا