کاروباری خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وفاقی وزیرصنعت و پیداوار کا سمیڈا کی خدمات کو خراج تحسین


اسلام آباد(صباح نیوز )وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے وومن انٹرپرینیورشپ کے عالمی دن کے سلسلے میں پاکستان کی خواتین میں کاروباری رجحان کو فروغ پر سمیڈا کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار سیف انجم اور سمیڈا کے سی ای او سقراط امان رانا نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی کاروباری خواتین کی راہ میں حائل دشواریوں کو بہت جلد دور کر دیا جائے گا۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ یہ برس پاکستان کی کاروباری خواتین کے لئے اس لئے اہم ہے کہ اس برس ہم کاروباری خواتین کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ایک مثالی وومن انٹرپرینیورشپ پالیسی متعارف کروانے والے ہیں جس سے خواتین پر مبنی کاروباروں کو تقویت ملے گی اور انہیں مالیاتی وسائل اور منڈیوں تک رسائی کے وافر مواقع میسر ہو سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت صرف 10 فیصدی کاروباری خواتین کو رسمی منڈیوں تک رسائی حاصل ہے جن میں سے صرف 2 فیصدی خواتین آن لائن مارکیٹوں سے استفادہ کر رہی ہیں۔اسی طرح مردوں کے مقابلے میں مالیاتی وسائل کا حصول عورتوں کے لئے بہت ہی قلیل ہے اور خواتین کا ایس ایم ای لینڈنگ میں صرف 3.2 فیصد حصہ ہے۔ سمیڈا اس خلا کو پر کرنے کے لئے سرتوڑ کوششیں کر رہا ہے۔کاروباری خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے وفاقی سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم نے خواتین پر مبنی کاروباروں کی معاونت اور مدد سے متعلق وزارت صنعت و پیداوار کی پالیسیوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ وزارت صنعت و پیداوار قومی معیشت میں کاروباری خواتین کے کردار کو فعال بنانے کے لئے سمیڈا کی بھرپور سرپرستی کر رہی ہے۔

اس موقع پر سمیڈا کے سی ای او سقراط امان رانا نے کہا کہ وومن انٹرپرینیورشپ ڈے کے موقع پر سمیڈا ایک بار پھر یہ عہد کرتا ہے کہ ہم پاکستان کی کاروباری خواتین کی مشاورت سے حاصل ہونے والی آرا کو عملی جامہ پہنانے میں کوئی کسر روا نہیں رکھیں گے اور ہمیں خوشی ہے کہ وزارت صنعت و پیداوار کی سرکردگی میں اور کاروباری خواتین کی مشاورت میں ہم خواتین کے لئے ایک قابل عمل اور موثر وومن انٹرپرینیورشپ پالیسی کو حتمی شکل دینے میں کامیاب ہو چکے ہیں اور موجودہ حکومت کی سرکردگی میں بہت جلد اس پالیسی کا اعلان اور اطلاق ہو جائے گا۔