اسلا م آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کے اجلاس میں سردیوں کے لیے بجلی کے خصوصی پیکج کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سردیوں کے لیے بجلی کا خصوصی پیکج 3 ماہ کے لیے ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اس پیکج کے تحت جو صارفین 200 سے زیادہ یونٹ بجلی استعمال کریں گے انہیں 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ کے حساب سے ادائیگی کرنا ہوگی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک سمیت بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کو پیکج دیا جائیگا۔اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے لیے 3.1 ارب روپے کی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس میں وزیر توانائی اویس لغاری، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر تجارت جام کمال، احمد چیمہ اور دیگر نے شرکت کی۔