لاہور (صباح نیوز)اپوزیشن کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے اعلان کیے جانے کے بعد سیاسی رابطوں میں تیزی آ گئی ہے ،
اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ق)کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی۔مولانا فضل الرحمان چوہدری برادران سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی نے ان کا استقبال کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے چوہدری شجاعت سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔اس دوران مولانا فضل الرحمان نے چوہدری شجاعت حسین کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں حکومت کے خلاف عدم اعتماد اور ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
مسلم لیگ ق کے ایم این اے چودھری سالک حسین اور جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے اور اتحادی جماعتوں سے رابطے کرنے کا اعلان کیا تھا۔پاکستان مسلم لیگ(ق) وفاق اور پنجاب میں حکومتی اتحادی میں شامل ہے