اسلام آباد(صباح نیوز) نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمٰن سواتی نے15سال بعد منعقد ہو نے والی قومی سہ فریقی لیبر کانفرنس کا خیر مقدم کر تے ہو ئے کہا ہے کہ یہ کانفر نس ہر سال منعقد ہو نی چا ہیے ،انھوں نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے ملاقات بھی کی اورکانفر نس کے انعقاد پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور سیکریٹری ڈاکٹر ارشد محمود کی کا وشوں کو خراج تحسین پیش کر تے ہو ئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا ،
شمس الرحمن سواتی نے کہا آئندہ سال ہو نے والی اس سہ فریقی لیبر کانفرنس میں وزیراعظم خود شریک ہوں اور تما م اسٹیک ہولڈرز کی سنجیدہ شرکت کو یقینی بنایا جائے،انھوں نے کہا اصل مسئلہ لیبر اور سماجی تحفظ کے قوانین کا تمام مزدوروں پر نفاذ اور سنجیدہ عمل درآمد ہے انسپکشن ختم کر دی گئی ہے نہ کارخانوں کو رجسٹر کیا جارہاہے اور نہ مزدوروں کی رجسٹریشن ہوتی ہے مزدوروں کے نام پر غیر مزدور عناصر کی نمائندگی کی حوصلہ شکنی کی جائے یہ لوگ مزدوروں کی آواز پہنچانے میں رکاوٹ ہیں۔