نیویارک(صباح نیوز)پاکستان نے امریکہ میں منجمد کئے گئے افغانستان کے قومی اثاثے افغان عوام کو واپس کرنے کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے نیویارک میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ سے تباہ حال ملک افغانستان کی معیشت کی بحالی کے لئے اس رقم کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فنڈ سے افغان معیشت کو مستحکم بنانے، سرمائے کی ترسیل کی اشد ضرورت پورا کرنے اور سخت سردی میں لاکھوں زندگیاں بچانے میں مدد ملے گی۔
ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مصائب کا شکار افغان عوام کی مدد کے لئے افغانستان کے منجمد سات ارب کے اثاثوں میں سے نصف اثاثے بحال کرنے کے امریکی فیصلے کو سراہا ہے۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے کہا کہ اس بات کا اعادہ کرنا بھی اہم تھا کہ صرف انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد طویل مدت تک افغان خواتین، مردوں اور بچوں کی اشد ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ناکافی ہو گی