آئین وقانون کی بالادستی کیلئے وکلابرادری رہنمائی کرے،فوادچوہدری


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ قومی معاملات اور آئین و قانون کی بالادستی کے لئے وکلا برادری رہنمائی کرے،بار ایسوسی ایشنز سیاسی جماعتوں کو بڑی اصلاحات پر قریب لانے میں کردار ادا کرسکتی ہیں۔

ہفتہ کو وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون کی قیادت میں نو منتخب عہدیداران نے ملاقات کی۔اس موقع پر فواد چوہدری نے کہا کہ قومی معاملات اور آئین و قانون کی بالادستی کے لئے وکلا برادری رہنمائی کرے، انتخابی اصلاحات، نیب آرڈیننس سمیت دیگر اہم قانون سازی میں وکلا اور بار ایسوسی ایشن کے کردار کا خیر مقدم کریں گے، نیب آرڈیننس کو چیلنج کرنے کی بجائے حکومت کو اصلاحات تجویز کریں ۔

انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز سیاسی جماعتوں کو بڑی اصلاحات پر قریب لانے میں کردار ادا کرسکتی ہیں، بار اور بینچ کے درمیان وکلا پل کا کردار ادا کرتے ہیں اوراس کردار کو قومی معاملات میں بھی اپنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں قانون کی بالادستی کے لئے وکلا برادری کو اپنا کردار ادا کرتے رہنا چاہئے، بار ایسوسی ایشنوں کوعدلیہ میں زیر التوامقدمات جلد نمٹانے کے لئے اپنی کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی،انصاف کے بغیر ترقی یافتہ معاشرے کا قیام ممکن نہیں۔