کوئٹہ(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جیت ہی پہلا اور آخری آپشن ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے ملاقات کی، ملاقات میں کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر خودکش حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،بلوچستان میں امن عامہ اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کئے گئیاقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا، دونوں رہنماؤں نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہر پاکستانی کی جنگ ہے، اس جنگ میں صرف جیت ہی پہلا اور آخری آپشن ہے، بلوچستان میں امن کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ امن و امان یقینی بنانے کے لئے مزید اقدامات اٹھا رہے ہیں، مٹھی بھر عناصر تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی سول ہسپتال کوئٹہ پہنچے ،
وفاقی وزیرداخلہ اور وزیر اعلی بلوچستان نے ریلوے سٹیشن دھماکے کے زخمی افراد کی عیادت کی،وزیرداخلہ اور وزیر اعلی فردا فردا تمام زخمیوں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی،وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور ڈاکٹرز سے اپ ڈیٹس لیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی افراد سے افسوسناک واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں ،وزیرداخلہ اور وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کے بلند حوصلے کو سراہا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کے حوالے سے ڈاکٹرز کو ہدایات دیں ۔محسن نقوی نے کہا کہ قوم آپ کے ساتھ ہے اور جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہے،آپ کے علاج معالجے کے لئے کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے گی۔