ڈپلومیٹک کمیونٹی اور غیر ملکی شہریوں کے لیے اسلام آباد میں جدید ترین خدمت مرکز قائم


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر ڈپلومیٹک انکلیو میں تاریخ میں پہلی بار  کاسکیڈ  کے نام سے جدید ترین خدمت مرکز کا قائم کر دیا گیا جہاں ڈپلومیٹک کمیونٹی اور غیر ملکی شہریوں کو 12 سے زائد خدمات ایک چھت تلے ملیں گی ۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں سفارتکاروں کی سہولت کیلئے قائم کاسکیڈ  خدمت مرکز کا باقاعدہ افتتاح جمعہ کو کیا۔اس سینٹر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا و تجدید،کریکٹر سرٹیفکیٹ ، جنرل پولیس تصدیق، گمشدگی رپورٹ ، کرایہ داروں کی رجسٹریشن کی سہولت خدمت مرکز میں میسر ہو گی۔ غیر ملکیوں کی رجسٹریشن، گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن، رضا کاروں کی رجسٹریشن،گاڑیوں کی تصدیق اورایف آئی آر کی کاپی کے حصول جیسی خدمات مہیا کی جائیں گی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق سفرا اور غیرملکیوں کی سہولت اور حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں،

یہ مرکز سفارتی برادری اور تمام مہمانوں کے لیے سکیورٹی و خدمات کی فراہمی کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے، خدمت مرکز میں سفارتکاروں اور غیر ملکی شہریوں کو تمام سہولیات ایک چھت تلے ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو سمیت پورے دارالحکومت کو خوبصورت بنانا مشن ہے، خدمت مرکز کے قیام سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سفارتکاروں کی مابین روابط اور باہمی تعاون مزید مضبوط ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ 1500 سے زیادہ پولیس و ایف سی اہلکار اور 20 پولیس گاڑیاں ڈپلومیٹک انکلیو کی سکیورٹی پر مامور ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سفارت کاروں کے ہمراہ کاسکیڈ خدمت مرکز کا دورہ بھی کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس خدمت مرکز کے مختلف کانٹرز کا معائنہ کیا اور سہولتوں کا جائزہ لیا۔آئی جی اسلام آباد پولیس نے غیر ملکی شہریوں کو فراہم کی جانے

والی تمام سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔تقریب میں شریک سفارت کاروں اور غیر ملکی شہریوں نے ڈپلومیٹک انکلیو میں کاسکیڈ خدمت مرکز کے قیام پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔تقریب میں سفارت کاروں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔وفاقی سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی سی اسلام آباد اور اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔