اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انتشار اپنی روش پر قائم ہے،یہ صرف این آر او کے لیے ملک میں امن و امان کو دائو پر لگا رہی ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی ون ڈے میچ میں کامیابی حوصلہ افزا ہے۔ آنے والے دنوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی۔ قومی کرکٹ ٹیم نے آج بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم 10 نومبر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں وہ فلسطین کے معاملے پر ریاض سمٹ میں شرکت کریں گے۔ ریاض سمٹ میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔ وزیراعظم نے ہر فورم پر غزہ اور فلسطین کے معاملے پر آواز بلند کی ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کی تقریر کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھا گیا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کوپ 29 کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انتشار اپنی روش پر قائم ہے۔ یہ صرف این آر او کے لیے ملک میں امن و امان کو دا پر لگا رہی ہے۔ خیبر پختونخوا کے اساتذہ کے حقوق کو دبانے کے لئے تشدد کا راستہ اپنایا جا رہا ہے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی پر کرپشن کے کیسز ہیں۔ خیبر پختونخوا کے اساتذہ کی آواز سنی جانی چاہیے۔تحریک انتشار اپنے صوبے میں اپنے آپ سے مطالبہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پختونخوا میں امور نوجوانان پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ،وہاں تعلیمی نظام تباہ حال ہے ، یہ احتجاج اپنے لیڈر کی رہائی کے لئے کرتے ہیں۔کوئٹہ میں ان سے بندے اکٹھے نہیں ہوئے تو بہانہ بنایا جارہا ہے کہ انتظامیہ سے اجازت نہیں ملی، اجازت تو پہلے بھی نہیں ملتی رہی لیکن آپ جلسے کرتے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک کی معیشت استحکام سے ترقی کی طرف جا رہی ہے۔ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، پاکستان کی معیشت کو مزید بہتر کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں، اکتوبر میں ترسیلات زر میں مزید اضافہ ہوگا۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ یو اے ای کا وفد سرمایہ کاری کے لئے پاکستان کے دورے پر ہے۔ اماراتی وفد کی وزیراعظم سے ملاقات ہوگی، وزیراعظم کی سرمایہ کاری پر بھرپور توجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بار کے الیکشن کا نتیجہ 26 ویں آئینی ترمیم پر مہر ہے،بدتمیزی کرنے کے بعد شرپسند عناصر سوشل میڈیا پر معافیاں مانگ رہے ہیں۔ ان کی تمام تر کوششوں کے باوجود پاکستان ترقی کر رہا ہے۔ یہ چاہتے تھے کہ پاکستان ڈیفالٹ کرے لیکن اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے باہر نکلا۔ وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ تحریک انصاف مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔