جنوبی وزیرستان کے علاقے کراما میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں 5 دہشت گرد ہلاک ، آئی ایس پی آر

راولپنڈی /اسلام آباد(صباح نیوز) جنوبی وزیرستان کے علاقے کراما میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 5 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 4 سیکیورٹی اہلکاربھی شہید ہوگئے۔شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار تائب شاہ، لانس نائیک گلاب زمان، لانس نائیک مزمل محمود اور لانس نائیک حبیب اللہ شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک گلاب زمان شہید کی عمر 30 سال تھی ان کا تعلق ضلع کرک سے ہے۔ شہید نے 9 سال تک وطن عزیز کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دیا۔لانس نائیک حبیب اللہ شہید کا تعلق ضلع اورکزئی سے ہے۔ 28 سالہ لانس نائیک حبیب اللہ شہید نے 7 سال تک پاکستان کے دفاع کی جنگ لڑی۔ضلع کرک کے رہائشی لانس نائیک مزمل محمود شہید کی عمر 37 سال تھی،

انہوں نے7 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سرانجام دیا۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔جبکہ قائمقام صدر مخدوم سید یوسف رضا گیلانی نے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اوردہشت گردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ شہید اہلکاروں نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔قائمقام صدر نے سیکیورٹی اہلکاروں کو کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کی خاطر دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر سیکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کی سرکوبی کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے، دفاع وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے شہدا کے لیے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

جبکہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا جنوبی وزیرستان کے علاقے کڑمہ میں5 دہشتگردوں کوہلاک کرنے پر ر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم کا فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نائب صوبیدار طیب شاہ، لانس نائیک گلاب زمان، لانس نائیک مزمل محمود اور لانس نائیک حبیب اللہ کی شہادت پر رنج و الم کا اظہار ۔وزیراعظم کی شہدا کے لیے دعائے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا۔وزیر اعظم کاکہناتھاکہ ہمارے نڈر جوانوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں سے جنگ جاری رہے گی۔