نیویارک(صباح نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان نے فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کی کارروائیوں میں خلل ڈالنے کی اسرائیلی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطین کے خلاف اسرائیل کی نسل کشی مہم کا ایک حصہ قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل نمائندے ایمبسیڈر عثمان جدون نے اسرائیلی پارلیمنٹ کی طرف سے قانون کی منظوری کو اقوام متحدہ کے منشور ،بین الاقوامی قانون اور 19 جولائی کو جاری عالمی عدالت انصاف کی مشاورتی رائے کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا۔
انہوں نے عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کہا کہ وہ اسرائیلی کارروائیوں پر اسے ذمہ دار ٹھہرائیں اور فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کے امداد ی ادارے کے اقدامات بلاروک ٹوک جاری رکھنے کے عمل کو یقینی بنائیں۔