اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بھی بنیادی مفادات کے حوالے سے ترکیہ کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوعلو نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے نئے تعینات ہونے والے ترک سفیر نذیراوعلو کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ترکیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے جموں و کشمیر پر ترکیہ کی پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان بھی بنیادی مفادات کے حوالے سے ترکیہ کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ اور مشرق وسطی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔