اداروں کے درمیان ٹکراؤ ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے۔،کاشف سعید شیخ

کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ اداروں کے درمیان ٹکراؤ ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے، ڈنڈے کے زور پر قانون سازی کرکے بادشاہت اور اداروں کو اپنا غلام بنانے کا عمل جمہوریت کی نفی ہے جوکہ عوامی اور جمہوریت کی دعویدار پارٹیوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔حالیہ قانون سازی کو پارلیمنٹ کی تاریخ کا سیاہ دن قرار دینے والے پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کو یہ ہرگز نہیں بھولنا چاہیئے کہ اس سارے عمل میں پیپلزپارٹی برابر کی شریک ہے۔ سندھ کے پانی پر ڈاکہ کے خلاف یاء بچاؤ کمیٹی کی جانب سے 17نومبر کے احتجاج میں جماعت اسلامی کے کارکنان بھرپور شرکت کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں ملاقات کرنے والے وفود سے بات چیت کے دوران کیا۔ صوبائی امیر نے جیکب آباد میں درندگی کے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دو ماہ قبل پولیو ورکر خاتون کے ساتھ زیادتی اور معصوم بچی حسینہ کھوسہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزمان کو عبرت ناک سزا دی جاتی تو آج کسی بدمعاش کو اس طرح لوگوں کے گھروں میں داخل ہونے کی جرات بھی نہ ہوتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دل خراش واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرکے قرار وقعی سزادی جائے۔#