کشمیر سمیت دنیا بھر میں آج یوم شہدائے جموں منایا جا رہا ہے


مظفر آباد:لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم شہدائے جموں عقیدت و احترام سے منارہے ہیں۔ یوم شہدائے جموں کے موقع پر آزاد کشمیر میں عام تعطیل رہی جبکہ  دونوں خطوں میں خصوصی تقریبات  کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر کشمیری عوام نے  اس عزم کی تجدید  کی کہ وہ اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک شہدا کے مشن کو جاری رکھیں گے۔نومبر 1947کے پہلے ہفتے میں جموں کے مختلف علاقوں سے پاکستان کی طرف ہجرت کرنے والے لاکھوں کشمیر یوں کا مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز ، ہندو انتہا پسندوں اور بھارتی فوج نے قتل عام کیا تھا۔

حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے اپنے بیانات میں شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداکا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہدانے اپنی جانیں ایک عظیم مقصد کیلئے قربان کیں اور انکی بیش بہاقربانیاں ہرگز فراموش نہیں کی جاسکتیں۔

حریت رہنماؤں نے کہا کہ 1947میں جموں میں مسلمانوں کی دل دہلا دینے والی نسل کشی دنیا کا سب سے بڑا سانحہ تھاجس میں لاکھوں مسلمانوں کو بے دردی سے شہید کیا گیا تھا۔

حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے کہا کہ شہداکو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انکے مشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔