مظفر آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں جنھیں کوئی جدا نہیں کرسکتا، آزادکشمیر کے جملہ مسائل حل آزاد حکومت کے تمام مطالبات اور ضروریات کو پورا کریں گے، آزادکشمیر لو بجلی اور آٹے کی مد میں ریلیف فراہم کردیا گیا ہے 23 ارب روپے آزادکشمیر حکومت کو منتقل ہوچکے، عوامی جدوجہد خالصتا جمہوری اور آئینی حدود کے اندر رہ کر تھی مگر چند شرپسندوں نے آخر میں ناخوشگوار واقعات کئے شہدا کے درجات بلندی کے لئے دعا کے ساتھ ورثا کو معاوضہ دیں گے،
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے یہاں مظفرآباد میں آزادکشمیر کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہیں کہ ہم نے کشمیری عوام کے مسائل کا ادراک کرتے ہوئے فوری مطالبات حل کردیئے پچھلے دنوں جو ایک بہت تشویشناک دن تھے، یہاں پر ایک تحریک چل رہی تھی،
یقینا اس میں ایسے افراد تھے جو اپنے جائز مطالبات کے لیے جمہوری انداز میں اپنا فریضہ ادا کررہے تھے لیکن بعض شرپسند عناصر ایسے تھے جن کا مقصد تھا کہ ہم کسی طریقے سے آزاد کشمیر میں توڑ پھوڑ اور انسانی جانوں کا ضیاع اور جلاؤ گھیرا ؤکریں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں آج یقین دلانے آیا ہوں کہ ہم آزاد کشمیر کے عوام کے دلوں کے ساتھ ہیں، ان کی آواز کے ساتھ آواز ملاتے ہیں، اور چند دن پہلے جو تحریک اٹھی تھی، اس میں ایک پولیس آفیسر اور کچھ شہری اللہ کو پیارے ہو گئے، اسی طرح توڑ پھوڑ ہوئی، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ جو لوگ جو اس دنیا سے چلے گئے، اپنے پیاروں کو پیچھے چھوڑ گئے، ان کے ورثا کے آنسو کبھی خشک نہیں ہونگے لیکن ان کے بچوں نے تعلیم حاصل کرکے اپنا جائز مقام پیدا کرنا ہے، حکومت پاکستان نے شہدا کے لیے جو پیکیج اعلان کر رکھا ہے، ان کو فی الفور وزیر اعظم آزادکشمیر تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس تحریک کے دوران بہترین کردار ادا کرنے پر میں مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم آزاد کشمیر انکی پوری کابینہ، چیف سیکرٹری و آئی جی پولیس، اور تمام اتحادی جماعتوں کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مشکور ہوں کہ جنہوں نے اس نازک مرحلے پر بہترین مشاورت پیش کی اور ہم نے بروقت اس معاملے کو ختم کیا جائے اور عوامی مطالبات کی بلاتاخیر منظوری دی ،وزیراعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم نے 23 ارب روپے کی مالی معاونت کا پیکیج منظور کیا ہے حکومت پاکستان نے اسٹیٹ بینک کو باقاعدہ 16 تاریخ کو ہدایت دی کہ 23 ارب روپے کی رقم آزاد کشمیر کو پہنچا دی جائے اور آج جب میں آپ سے بات کررہا ہوں تو یہ رقم آزاد کشمیر حکومت کے اکانٹ میں آچکی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہا تھا اور اسکی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، وادی کشمیر میں جو بے گناہ کشمیروں کا خون بہہ رہا ہے قابل مذمت ہے ،تہاڑ جیل کشمیری حریت قیادت کے ساتھ جو ظلم اور زیادتی ہو رہی ہے، جس طرح انہیں سزائے موت دینے کے لیے آوازیں اٹھ رہی ہیں کشمیروں نے اس پر شدید ردعمل دیا اس کا نتیجہ سب نے دیکھا کہ انتخابات ہوئے تو حکومتی جماعت بی جے پی اپنے نام پر وہاں الیکشن نہیں لڑ سکی۔ان کا کہنا تھا کہ جہاں پر ظلم و زیادتی ہوتی ہے اس کا آگے سے یہی جواب ملتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائی اور بہنوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، وہ باقاعدہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا حصہ ہیں، ہم نے ہمیشہ کشمیریوں کی اخلاقی،سفارتی سیاسی سپورٹ کی اور کرتے رہیں گے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سفارتی کاوشیں جاری رکھیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج ایک طرف کشمیر کی وادیوں میں بے گناہ کشمیروں کا خون بہہ رہا ہے، دوسری طرف فلسطین میں 36 ہزار فلسطینوں کو شہید کر دیا گیا، ہزاروں بچے اور بچیاں ناحق قتل کردیئے گئے اور دنیا محو تماشائی بنی ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لیکن ہمیں اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھنی ہے اور انکی اخلاقی، سفارتی سپورٹ جاری رکھنی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں آج آپ کے پاس یہ بتانے کے لیے حاضر ہوا ہوں کہ آپ کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے، آزاد کشمیر کے بھائی بہن ترقی اور خوشحالی کا سفر طے کریں گے تو اس میں پاکستان کی عزت ہے، پاکستان آگے بڑھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان جو باتیں طے ہیں، اس پر عمل پیرا ہونا ہم پر فرض ہے، آئی ایم ایف کی ٹیم آئی ہوئی ہے، اس کی وجہ سے وزیر برائے توانائی اور سیکریٹری وہاں پر مصروف تھے، جوں ہی ٹیم واپس جائے گی، میں نے وزیراعظم آزاد کشمیر سے گزارش کی ہے کہ اپنی ٹیم تشکیل دے دیں تاکہ زیرالتوا مسائل پر سیر حاصل گفتگو کرکے معاملات حل کریں تاکہ قیامت تک اس طرح کا واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں، اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر چودھری انوارالحق، وفاقی وزرا محسن نقوی، امیر مقام، عطا محمد تارڑ ،رانا تنویر حسین سمیت موسٹ سینئر وزیر آزاد کرنل وقار نور جملہ وزرا اور مشیران ومعاون خصوصی شریک تھے اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی چھتر کلاس سائٹ پر گئے اور ٹنل سے متعلق بریفنگ لی مظفرآباد دورہ کے دوران مسلم لیگ نون آزادکشمیر کی ریاستی قیادت اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفود سے بھی ملاقاتیں کیں