مظفر آباد (صباح نیوز)معروف کشمیری رہنمااور واشنگٹن میں قائم ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیرکا دورہ کیا اورتنازعہ کشمیر کے حوالے سے یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی ۔
تقریب میں یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران،مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور دیگرمعزز مہمانوں نے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل سے متعلق تبادلہ خیال کیا تاکہ خطے اور دنیا بھر میں پائیدار امن و سلامتی قائم ہو سکے ۔کشمیری عوام کے حقوق کی مسلسل حمایت و وکالت کیلئے مشہورڈاکٹر فائی کی موجودگی نے تقریب کے شرکاء کو اہم خیالات سے آگاہ کیا۔انہوں نے تنازعہ کشمیر کے بارے میں عالمی نقطہ نظر وضع کرنے کیلئے تحقیق کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے اسکالرز پر بھی زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوا م کو درپیش مشکلات اور مقبوضہ علاقے کی زمینی صورتحال پر مبنی اصل حقائق دنیا کے سامنے لائیں ۔
تقریب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی اور ڈاکٹر ولید رسول جیسی معزز شخصیات نے بھی شرکت کی اور ڈاکٹر فائی کی طرف سے جموں وکشمیر کے بارے میں علمی ادب کی تخلیق کے مطالبے کو سراہا۔ پروفیسر ڈاکٹر عباسی نے اس موقع پر یونیورسٹی میں ایک کشمیر سینٹر قائم کرنے اور کشمیر اسٹڈیز پر ایک جرنل شروع کرنے کا عزم ظاہر کیا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہاکہ تقریب کے دوران ڈاکٹر غلام نبی فائی نے فیکلٹی ممبران کو تنازعہ کشمیر کی پیچیدگیوں کے بارے میں اہم تفصیلات سے آگہی دی ہے ۔