لاہو ر (صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی ڈاکٹرفرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں تجاوزات کے خاتمہ کے نام پر آپریشن کلین اپ نے ہزاروں گھروں کے چولھے سرد کر دئیے ہیں۔اور غریب ریڑی بانوں اور خانچہ فروشوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھین لیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مختلف ایریاز مختص کر کے ان پھل فروشوں کو ٹریفک میں روکاوٹ بننے سے روکا جا سکتا ہے لیکن حکمرانوں کی ڈکشنری میں انسانی ہمدردی اور غریب دوستی کا کوئی لفظ نہیں وہ اندھی ریاستی طاقت سے روزگار چھننے کی مہم پر لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح ظلم و ستم کی وجہ سے جرائم اور چوری ڈاکہ میں ہی اضافہ ہو گا اور کچے کی طرح پکے میں بھی بے روز گار افراد ڈاکو بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح عرب بہار کا آغاز ہوا تھا انہوں نے کہا حکمران اس وقت سے ڈریں جب بھوکی رعا یا کے ایوان مر مر پر یلغار کرے گی۔