وزیر خزانہ محمد اورنگز یب سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے منگل کویہاں ملاقات کی۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر خزانہ کے مختلف شراکت داروں، سرکردہ مالیاتی اداروں، تجارتی اور سرمایہ کاری بینکوں، دوطرفہ شراکت داروں، تھنک ٹینکس اور حکومتی عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ مشاورت و مذاکرات پر عملدرآمد اور پیشرفت سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقبل مندوب سفیر منیر اکرم نے پاکستان کی جانب سے موسمیاتی انصاف کی ضرورت واہمیت کو اجاگر کرنے، موسمیاتی مالی معاونت میں اضافے اور ترقی پذیر ممالک کی امداد کے لئے تجارتی اصلاحات کو فروغ دینے کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے ڈیمج اینڈلاس فنڈز کو جلد از جلد فعال کرنے، 2021 کے سپیشل ڈرائنگ رائٹس الاٹمنٹ کا 50 فیصد دوبارہ ترقیاتی کاموں میں استعمال کرنے کے معاہدے کو نافذ کرنے اور اقوام متحدہ میں بین الحکومتی عمل کے ذریعے سیکرٹری جنرل کی جانب سے پائیدار ترقی کے اہداف کے لئے تجویز کردہ اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے عالمی سطح پرپاکستان کی کوششوں کوبھی اجاگرکیا۔

منیر اکرم نے ترقی یافتہ ممالک کے جانب سے اپنی مجموعی قومی آمدنی کا 0.7 فیصدسرکاری ترقیاتی امداد کی فراہمی کے عزم کی تکمیل کے لئے واضح اور نظام االاوقات پر مبنی روڈ میپ وضع کرنے اور اقوام متحدہ کے تحت ترقی پذیر ممالک میں پائیدار بنیادی ڈھانچے میں سرکاری اور نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے نظام کی تشکیل کے ضمن میں کوششوں پربھی روشنی ڈالی تاکہ قرضوں کے بوجھ تلے دبے ممالک کے لئے تیز تر و منصفانہ قرض معافی اور ری سٹرکچرنگ کی سہولت فراہم کی جا سکے۔