خیبرپختونخوا اسمبلی میں وزرا ء کی مراعات میں اضافے کا ترمیمی بل منظور

پشاور (صباح نیوز)خیبرپختونخوا اسمبلی میں صوبائی وزرا ء کی مراعات میں اضافے کا ترمیمی بل منظور کرلیا گیا، خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء کی تنخواہوں اور الائونسز ایکٹ میں ترمیم کا بل متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ترمیمی بل کے مطابق کابینہ کے ہر ممبر کو سرکاری گھر نہ ملنے پر دو لاکھ روپے ماہانہ کرائے کے مد میں ملیں گے جبکہ پشاور میں ذاتی گھر والے وزیروں کو بھی اب دو لاکھ روپے  مل سکیں گے۔وزراء کو سرکاری رہائش گاہوں کی تزئین و آرائش کے لیے ایک بار 10 لاکھ روپے ملیں گے  اور وزراء تعزین آرائش فنڈز میں قالین، پردے، ائیرکنڈیشنر اور ریفریجٹر بھی خرید سکیں گے۔

وزراء عہدہ چھوڑنے کے بعد تمام خریدی گئی اشیا محکمہ انتظامیہ کے حوالے کرنے کے پابند ہونگے۔صوبائی اسمبلی نے صوبے کے شادی ہالوں کو رات 10 بجے بند کرنے کی قرارداد بھی منظور کرلی۔پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی مشتاق غنی کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کے مطابق ملک میں توانائی کے بحران کی وجہ سے شادی ہالوں کو دس بجے بند کرنے کا پابند بنایا جائے اور ڈپٹی کمشنرز کو سختی سے عملدرآمد کا پابند کیا جائے۔ایوان کی جانب سے قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔بعدازاں، خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس پیر 11 نومبر تک ملتوی کر دیا گیا۔