وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر عوام جلد اچھی خبر سنیں گے، مریم اورنگزیب


اسلا م آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن)کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے پر غور کر رہی ہیں اور قوم اس حوالے سے جلد ہی اچھی خبر سنیں گے۔

اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے اہم اجلاس میں تحریک عدم اعتماد اور اسلام آباد تک لانگ مارچ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے بہترین کارکردگی دکھانے والی وفاقی وزارتوں میں وزیر اعظم کی جانب سے تقسیم کیے گئے ایوارڈز پر بھی تبصرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ تقریب سے یہ ثابت ہوا کہ جن وزارتوں کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا گیا تھا وہ بری طرح ناکام ہوئی ہیں، صحت، دفاع، خارجہ امور، معیشت اور قانون سمیت سبھی وزارتیں ناکام ہو چکی ہیں۔

مسلم لیگ(ن) کے ترجمان نے پارٹی صدر شہباز شریف کو پابند سلاسل کرنے کے لیے مبینہ طور پر ریاستی مشینری استعمال کرنے پر وزیر اعظم پر بھی تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران نے حال ہی میں ایسٹ ریکوری یونٹ کا نیا سربراہ مقرر کیا ہے اور انہیں چند ہفتوں میں شہباز کو جیل میں کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے افسران اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اہلکاروں سے کہنا چاہتی ہوں کہ شہزاد اکبر کے معاملے سے سیکھیں اور اپنے ضمیر کی بات سنی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی انسداد بدعنوانی مہم کے نام پر اربوں روپے ضائع کیے گئے جس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ رقم عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جاتی تو عوام مہنگائی سے پریشان نہ ہوتے۔وزیر اعظم عمران کے مشیروں کو کرائے کا ساتھی قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کی رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد ان کے گن گانے والے مشیر غائب ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے شہباز شریف کو قید کرنے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے لیکن اپوزیشن لیڈر کو ان کے خلاف تمام مقدمات میں کلین چٹ دے دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت منی لانڈرنگ کیس میں شہباز اور ان کے بیٹے پر عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کی تاریخ کے تعین کو اس طرح پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے جیسے اپوزیشن لیڈر کے خلاف الزامات ثابت ہو گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب ہے کہ عدالت استغاثہ سے مزید شواہد پیش کرنے کو کہہ رہی ہے کیونکہ موجودہ شواہد ناکافی ہیں، یہ دراصل مقدمے کا پہلا مرحلہ ہے، پارٹی دیگر مقدمات میں بھی اسی طرح کی فرد جرم سے گزری تھی اور بعد میں ضمانتیں بھی حاصل کر لی تھیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ کرپشن کے حوالے سے پی ٹی آئی حکومت کا پورا بیانیہ بے نقاب ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں مستقبل میں وزیر اعظم کو مزید شرمندگی ہو گی۔