نیوزی لینڈ، میکسیکو، گھانا اور یوگنڈا کے سفیروں نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو اسناد پیش کیں


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو نیوزی لینڈ، میکسیکو، گھانا اور یوگنڈا کے سفیروں نے اپنی سفارتی اسناد پیش کیں ۔

اس سلسلے میں ایوان صدر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ بعد ازاں نیوزی لینڈ کے ہائی کمشنر مائیکل ویہی میلیٹونگا والش، یوگنڈا کے ہائی کمشنر محمد تیزیکوبا کسمبیرا، میکسیکو کے سفیر گیلرمو الیجینڈرو پیوینٹے اورڈوریکا اور گھانا کے سفیر ایرک اووسا بوٹینگ نے صدر مملکت سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان 220 ملین سے زائد آبادی اور تجارت اور سرمایہ کاری کے بے پناہ امکانات کا حامل اہم ملک ہے۔ انہوں نے نیوزی لینڈ، میکسیکو، گھانا اور یوگنڈا کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مضبوط بنانے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

صدر نے کہا کہ پاکستان علاقائی تجارت اور روابط کے مرکز کے طور پر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دنیا کے مختلف خطوں کے درمیان تجارت اور روابط کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے سفیروں سے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے ممالک کے تاجروں کو کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھانے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیں۔ سفیروں کو ان کی تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے کوششیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان لائیو سٹاک اور ڈیری کے شعبوں سمیت اپنے زرعی شعبے کی ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہے اور باہمی فائدے کے لیے ان شعبوں میں مہارت کا تبادلہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے دوست ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے عوامی رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر نے دوست ممالک کے ساتھ تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا اور نو تعینات سفیروں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔