مقبوضہ جمو ں وکشمیرکے شمالی و جنوبی کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کا آپریشن جاری، کئی کشمیری نوجوان گرفتار

سرینگر: مقبوضہ جمو ںوکشمیرکے شمالی و جنوبی کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کے جاری آپریشن میں کئی کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ جموں کے اکھنور سیکٹر میں فوجی آپریشن کے بعد جموں اور پونچھ میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے ،رام بن سے ریٹائرڈ سرکاری ملازم کی لاش برآمدکی گئی ہے ،کے پی آئی کے مطاق شمالی و جنوبی کشمیر میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن جاری ہے اس دوران جنوبی کشمیرکے پلوامہ میں بھارتی فوج نے  ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔ بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز اور پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے نوجوان کو سرکلر روڈ پر محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔

فوجیوں نے نوجوان کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لیے اسے ایک آزادی پسند قراردیا۔تاہم کشمیریوں کو ہراساں کرنے کے لئے اس طرح کی کارروائیاں روز کامعمول ہیں۔قابض حکام مقبوضہ جموں وکشمیر میں اختلاف رائے کو دبانے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے جائز مطالبے کو دبانے کے لئے مختلف بہانوں سے لوگوں کو گرفتاراورنظربند کررہے ہیں۔ شمالی کشمیر میں بھارتی پولیس نے بارہمولہ اور کپواڑہ اضلاع میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

 پولیس نے ناظم الدین کو بارہمولہ کے علاقے خانپورہ سے گرفتار کیا۔ وقار احمد خواجہ کو ہندواڑہ بائی پاس کے قریب ایک چوکی پر گرفتار کیا گیا جبکہ منظور احمدبٹ کو پولیس نے ہندواڑہ کے علاقے مراٹھ گام میں واقع ان کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران گرفتارکیا۔ناظم الدین اوڑی کے علاقے زمبور پٹن کا رہنے والا ہے جبکہ وقار کا تعلق ٹنگڈارکپواڑہ سے ہے۔پولیس نے ان گرفتاریوں کا جواز پیش کرنے کے لیے ان پر منشیات کی سمگلنگ میں ملوث ہونے کا الزام لگایاہے۔ تاہم بھارتی حکام ایسی کارروائیاں کشمیریوں کو ہراساں کرنے کی ایک وسیع حکمت عملی کے تحت کرتے ہیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں اختلاف رائے کو دبانے اور حق خود ارادیت کے کشمیریوں کے جائز مطالبے دبانے کے لئے مختلف بہانوں سے لوگوں کی گرفتاریاں اور نظربندیاں ایک معمول ہے۔

ادھر ضلع سانبہ میں اپنے کرایہ داروں کی تفصیلات فراہم نہ کرنے پرپولیس نے دو مکان مالکان کے خلاف مقدمہ درج کیاہے۔جموں کے اکھنور سیکٹر میں قابض بھارتی فوج کے بڑے آپریشن جس میں پہلی دفعہ ٹینکوں کا استعمال کیا گیا کے بعد جموں اور پونچھ میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے ، بھارتی فوج نے اکھنور سیکٹر میں تین مجاہدین کو شہید کرنے کے علاوہ بھارتی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے ، علاقے میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی دستے تعینات کئے گئے ہیں جبکہ جموں اور پونچھ سیکٹر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے ہر آنے جانے والے کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے جبکہ تلاشی کاسلسلہ بھی تیزکردیا گیا ہے ۔

ادھر ضلع رام بن کے علاقے بٹوٹ سے ایک ریٹائرڈ سرکاری ملازم کی لاش ملی ہے۔  مقامی لوگوں نے علی الصبح سڑک پر لاش پڑی دیکھی اور فوری طور پر قابض حکام کو آگاہ کیا۔پولیس کی ایک ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا ۔ سرکاری ملازم کی شناخت نلین کوتوال ولد جے لال کوتوال کے طور پر ہوئی ہے جو بھدرواہ کے علاقے دانی ادرانہ کا رہائشی ہے ۔