لندن ،۔کشمیر کمپین گلوبل کے سرپرست اور ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے بانی رہنما نذیر احمد قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے27 اکتوبر 1947 میں فوجی طاقت کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ اس کے اپنے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔
لندن سے جاری کیے گئے اپنے بیان میں نذیر احمد قریشی نے کہا ہے کہ 27اکتوبر 1947 انسانی تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے، جب بھارتی افواج نے سرینگر ائیرپورٹ پر اتر کر کشمیری عوام پر ظلم ڈھانے، لوگوں کا قتل عام کرنے اور مقبوضہ جموں و کشمیر پر زبردستی قبضہ کرنے کا آغاز کیا تھا اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے 27اکتوبر1947 میں تقسیم برصغیر کے اصولوں کی ڈھٹائی سے خلاف ورزی اور کشمیری عوام کی خواہشات کے برعکس جموں وکشمیرمیں اپنی فوجیں داخل کرکے اس پر قبضہ کیا تھا۔لیکن کشمیری عوام عالمی برادری کو جگانے کیلئے اپنی مزاحمت سے دستبردار ہونے کیلئے تیار نہیں ہیں۔شاطر انگریز ہندو بنیے کے دست بازو بنے۔ان سازشوں کے تانے بانے لارڈ مونٹ بیٹن اور پنڈت جواہر لعل نہرو نے اس وقت بنے جب دونوں نے راجواڑوں کو اپنی منفرد اور جدا گانہ حیثیت ختم اور پھر بھارت کیساتھ الحاق پر مجبور کیا۔مقصد اس کے سوا کچھ نہیں تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کی راہ ہموار کی جائے جس کیلئے ریاست کے مہاراجہ ہری سنگھ کو نام نہاد دستاویز الحاق پر دستخط کیلئے مجبور کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کی اراضی پر قبضہ اور ہندتوا پیروکاروں کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں منتقلی کے خلاف اہل کشمیر بدستور مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔لہذا ان حالات میں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت مظلوم کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے۔نذیر احمد قریشی نے کہا کہ آج اگر ایک خوفناک جنگ مشرقی وسطی کے دہانے پر دستک دے چکی ہے تو تصفیہ طلب تنازعہ کشمیر بھی پورے برصغیر جنوبی ایشیاکے امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہے،کیونکہ مسئلہ کشمیر بھی ایک ایٹمی فلیش پوائنٹ ہے ،لہذا اگر یہ تنازعہ یونہی لٹکتا رہا تو یہ بھی خطے کے علاوہ پوری دنیا کے امن کو تہیہ و بالا کرسکتا ہے۔بھارتی حکمرانوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں سے باز رکھنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں مقیم کشمیری بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کیلئے سراپا احتجاج ہیں اور یہ سلسلہ مقبوضہ جموں وکشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خاتمے تک جاری رہے گا۔