کمانڈر سری لنکن فضائیہ کی جنرل ساحر شمشاد سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے کا عزم

راولپنڈی (صباح نیوز)پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے سری لنکن فضائیہ کے کمانڈر ایئر مارشل آر اے یو پی راجاپاکسے نے جمعرات کو جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ سیکورٹی اور دفاعی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ اپنے پائیدار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دوطرفہ تعلقات بالخصوص دفاع اور سلامتی میں مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ایئر مارشل راجاپاکسے نے پاکستان کی مسلح افواج کے اعلی پیشہ ورانہ معیار، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔قبل ازیں جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر ایک سہ فریقی دستے نے سری لنکن فضائیہ کے کمانڈر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔