اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے رکن قومی اسمبلی بیگم رعنا انصار کے جوان سال بیٹے کی ناگہانی موت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری انے بیگم رعنا انصار سے تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے مرحوم کے لئے مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی،
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے بھی متحدہ قومی موومنٹ کی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کے بیٹے کی کار حادثے میں وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی بلندی درجات اور اہلِخانہ کیلئے صبر کی دعا کی ہے۔وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری تعزیتی بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ وہ جواں سال بیٹے کی وفات پر رعنا انصار اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے اور واقعہ میں زخمی ہونے والے نوجوان کو جلد صحت یاب کرے۔