ملکی برآمدات میں 14 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا

اسلام آباد(صباح نیوز) مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ملکی برآمدات میں 14 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔جولائی تا ستمبر پاکستانی برآمدات کا حجم 7 ارب 90 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگیا،ادارہ شماریات کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی تا ستمبر کے دوران پاکستانی برآمدات میں 14.61 فیصد اضافہ ہوا۔جولائی تا ستمبر ملکی برآمدات کا حجم 7 ارب 90 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک ڈالر زیادہ ہے۔ دستاویزات کے مطابق ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات 9.51 فیصد اضافے سے 4.52 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ مینوفیکچرنگ آلات کی برآمدات 7.77 فیصد اضافے سے ایک ارب ڈالر جبکہ غذائی اشیا کی ایکسپورٹس 26 فیصد اضافے سے 1 ارب 61 کروڑ ڈالر رہیں۔رپورٹ کے مطابق ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 39 کروڑ ڈالر، غذائی اشیا میں 34 کروڑ ڈالر اضافہ ہوا، چاول، چینی، پھل، سبزیوں، تمباکو اور گوشت کی برآمدات بڑھ گئیں، کارپٹ، کھیلوں کا سامان، لیدر مصنوعات، فٹ ویئر، سرجیکل آلات بھی شامل ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق زیرجائزہ عرصے کے دوران پیٹرولیم، کوئلے، کھاد، کیمکلز، پلاسٹک میٹریل کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا، آٹو پارٹس، ٹائرز، قیمتی جواہرات، جیولری کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا۔پہلی سہ ماہی میں مچھلی، دالوں، بیجوں، خشک میوہ جات کی ایکسپورٹس میں کمی آئی، خام کپاس، سوتی دھاگہ، قالین، لیدر گارمنٹس کی برآمدات میں بھی کمی دیکھی گئی، جولائی تا ستمبر کینوس فٹ ویئر، الیکٹریکل مشینری، گڑ کی برآمدات بھی کم ہوئیں۔