وزیر خارجہ کا ازبکستان کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ


اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو ازبک وزیر خارجہ عبدالعزیز کامیلوف کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا،

اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات طویل تاریخی، مذہبی اور ثقافتی ہم آہنگی کی بنیاد پر استوار ہیں،دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تعلقات کو مزید مظبوط کرنے پر زور دیا اور اس سلسلے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ نے سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بیجنگ میں وزیر اعظم عمران خان اور ازبکستان کے صدر کے درمیان حالیہ دو طرفہ ملاقات سمیت دونوں ممالک کے درمیان، اعلی سطحی روابط کے اضافے کو سراہا۔دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔