لاہور(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ( ن )کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمدشہباز شریف نے ان ہائوس تبدیلی کے سلسلے میں ارکان کے اعداد و شمار پر سیاسی رہنمائوں سے مشورے تیز کر دیئے اور مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی کے ناراض اراکین اسمبلی سے متعلق شہباز شریف کو آگاہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ نے بھی ماڈل ٹائون میں ملاقات کی، دونوں رہنمائوں میں قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ناراض ارکان پر گفتگو کی۔ذرائع کے مطابق رانا ثناء اللہ نے فیصل آباد، سرگودھا ڈویژن کے ناراض ارکان کے بارے میں شہباز شریف کو آگاہ کیا، راولپنڈی ڈویژن اور جنوبی پنجاب کے بھی تحریک انصاف کے ناراض ارکان پر بات چیت کی گئی۔ملاقات کے دوران لیگی صدر کو عدم اعتماد کی صورت میں لاتعلق رہنے والے ارکان کی بھی لسٹ دی گئی، رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی کے ناراض ارکان کی شہباز شریف کو گارنٹی بھی دی۔
ذرائع کے مطابق لیگی صدر نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے رہنمائوں سے رابطے شروع کر دئیے ہیں، انہوں نے مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ ساجد میر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور دونوں رہنمائوں نے وزیر اعظم کیخلاف عدم اعتماد اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جبکہ ساجد میر نے وزیر اعظم کیخلاف مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔