حماس کے شہید قائد یحیی سِنوار کی غائبانہ نمازِ جنازہ المرکز الاسلامی پشاور میں پروفیسر محمد ابراہیم خان کی امامت میں ادا ، لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت

پشاور(صباح نیوز)فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے شہید قائد یحیی سِنوار کی غائبانہ نمازِ جنازہ گزشتہ روز المرکز الاسلامی پشاور میں ادا کردی گئی۔ نمازِ جنازہ جماعت اسلامی خیبر پختوپختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے پڑھائی۔ نمازِ جنازہ میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

نمازِ جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہنا تھا کہ حماس کے قائد یحیی سِنوار کی شہادت پر دل رنجیدہ اور غمگین ہے۔ اسماعیل ہنیہ کے بعد حماس کو ایک قائد کی شہادت کی صورت میں نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ شہادتوں سے جہاد کے قافلے کبھی رکے نہیں ہیں، بلکہ شہادتوں کے طفیل کامیابیاں نصیب ہوتی ہیں۔ غزہ کے لوگ حماس اور مزاحمت کی پشت پر کھڑے ہیں، ان کو شکست دینا اسرائیل اور امریکہ کے بس کی بات نہیں۔انہوں نے کہا کہ  امریکی صدر نے حماس سربراہ کی شہادت پر خوشی کا اظہار کیا ہے، لیکن وہ نہیں جانتا کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد یہ کام رک نہیں گیا۔ یحیی سنوار کی شہادت کے بعد بھی غزہ اورفلسطین کی عوام نے جہاد جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے فرعون امریکہ اور اسرائیل فلسطینیوں پر ظلم ڈھا رہے ہیں، ان شا اللہ فرعون کی طرح یہ بھی غرق ہو ں گے۔ یحیی سنوار نے اسرائیلی پراپیگنڈے اور تجزیوں کے برعکس سرنگوں کی بجائے محاذ پر مجاہد کی حیثیت سے لڑتے ہوئے شہادت پائی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں ظلم برپا ہے، امریکہ اسکی قیادت کر رہا ہے، غزہ کے لوگ کئی عشروں سے کھلی جیل میں قید ہیں، ایران کے علاوہ دنیا کے کسی مسلمان ملک نے فلسطین کے معاملے میں اپنا کردار ادا نہیں کیا،مصر، اردن، ترکی، سعودی عرب، ایران اور پاکستان فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کو پہنچیں، انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مظلوموں کا خون جتنا اسرائیل اور امریکہ کی گردن پر ہے اتنا ہی مسلمان حکمرانوں کی گردن  پر ہے، ہمارے حکمران اپنی آئینی ترامیمی میں مصروف اور امریکہ کے سامنے سر نِگوں ہیں، انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ اور یحیی سنوار کی شہادتیں رنگ لائیں گی، دنیا سے ظلم کا نشان مٹ کر رہے گا،انہوں نے دعا کی کہ اللہ یحیی سنوار کی شہادت قبول فرمائے اور اللہ شہیدوں کے خون کے طفیل فلسطین کو آزادی نصیب فرمائے۔ خیبر پختونخوا کے دیگر حصوں میں بھی جماعت اسلامی کے تحت شہید قائد یحی سنوار کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی