لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں میں شہر کے میئر سمیت15 افراد شہید

بیروت(صباح نیوز)لبنان کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ بدھ کی صبح نباتیح شہر پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 15 افراد شہید اور 43 زخمی ہوئے ہیں۔ جنوبی لبنان کے شہر نباتیح پر اسرائیلی حملوں میں مارے جانے والے پانچ افراد میں شہر کے میئر بھی شامل ہیں۔ایک عینی شاہد نے اس صورت حال کو خوفناک دہشت گردی کے طور پر بیان کیا ہے۔ عینی شاہد کے مطابق صرف 30 منٹ کے وقفے سے شہر پر نو حملے کیے گئے اور متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔شہر کے ایک مقامی نے بی بی سی کو بتایا کہ ایک فضائی حملہ نباتیح کی میونسپلٹی کی عمارت کو نشانہ بنایا جہاں میئر شہر میں درپیش مسائل اور انسانی بحران کے پیدا ہونے اور اس پر قابو پانے سے متعلق کرائسز سیل میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں شریک تھے۔

لبنان کی وزارتِ صحت کی جانب سے نباتیح پر اسرائیلی فضائی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اس میں پانچ افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے مسلسل 24ویں روز بھی لبنان پر اپنی خونریز جنگ جاری رکھی ہوئی ہے جس میں بمباری اور شہریوں کے گھروں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ قابض فوج نے جنوبی لبنان کے علاقے الضاحیہ اور بیروت کے اطراف میں شدید بمباری کی گئی ہے۔دوسری جانب حزب اللہ کے مجاھدین پوری پامردی اور جانثاری کے ساتھ قابض دشمن کی دراندازی روکنیکے لیے شدید مزاحمت کررہے ہیں۔ حزب اللہ کے مقبوضہ شمالی فلسطین میں یہودی بستیوں اور اسرائیلی فوجی کیمپوں پر میزائلوں سے بمباری کی ہے۔قابض فوج کے طیاروں نے بدھ کی صبح بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے حارہ حریک کو نشانہ بناتے ہوئے کم از کم دو مقامات پر بمباری کی۔لبنانی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ مضافاتی علاقے میں چھاپوں میں سے ایک نے حاراہ حریک میں شہید محمود قاقیق سکول کے قریب شوری کے علاقے میں رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جس کے بعد علاقے میں دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دکھائی دیے۔تصاویر میں جنوبی مضافاتی علاقے سے دھواں اٹھتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے زور دار دھماکے کی آواز سنی۔

یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب اسرائیلی فوج نے علاقے میں ایک عمارت اور اس سے ملحقہ عمارتوں کو فوری طور پر خالی کرنے کا حکم جاری کیا اور کہا کہ وہ وہاں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملہ کرے گی۔وزارت صحت نے تولین قصبے پر اسرائیلی دشمن کے حملے میں تین اور صربین قصبے پر اسرائیلی دشمن کے حملے میں پانچ افراد کی شہادت کا اعلان کیا۔قابض فوج کے طیاروں نے قنا قصبے کے قریب مزرعہ مشرف کے قصبے میں ایک مکان پربمباری کی۔لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ قابض فوج نے العیشیہ کے قریب کفرہ قصبے اور محمودیہ میں ایک مکان پر بمباری کی ہے۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ بدھ کے روز صبح سویرے قابض اسرائیلی فوج کے طیاروں نے جنوبی لبنان کے قصبے حانین پر دو حملے کیے جس کے نتیجے میں متعدد شہری شہید اور زخمی ہوئے۔

قابض فوج نے اقلیم التفاح اور نبطیہ کے دیہاتوں اور قصبوں پر پرتشدد فضائی حملے کییے جن کی بازگشت صیدا شہر میں سنی گئی۔لبنانی میڈیا نے منگل کی شام کو اطلاع دی ہے کہ قابض اسرائیلی طیاروں نے جنوبی لبنان کے قصبے عیتا الجبل پر فضائی حملہ کیا۔قابض فوج کے طیاروں نے حانین، الضہیرہ، مجدل زون، المنصوری اور یارین کے نواحی قصبوں پر بھی بمباری کی کی جب کہ قابض فوج نے الطیبیہ رب ثلاثین، کفر شوبا اور العدیسہ کے علاقوں پر بمباری کی۔لبنانی میڈیا کا کہنا ہے کہ قابض فوج کے نے جنوبی لبنان کے قصبے خیام پر دو اوردوسرے علاقوں پر بھی بمباری کی۔لبنان کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ 8 اکتوبر 2023 سے منگل کی شام تک لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والوں کی تعداد 2350 ہو گئی ہے جبکہ 10,906 زخمی ہوئے ہیں۔