اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم مین اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تجارت میں قابلِ قدر مصنوعات اور تنوع سے اضافہ کیا جا سکتا ہے، کرغزستان کے ساتھ تمام باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ ایوان صدر پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق یہ بات صدر مملکت آصف علی زرداری نے کرغزستان کے وزرا کی کابینہ کے چیئرمین ژاپاروف اکیل بیک نے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے صدر مملکت سے منگل کو ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت ہے ، دوطرفہ تجارت میں قابلِ قدر مصنوعات اور تنوع سے اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کرغزستان کراچی اور گوادر بندرگاہوں سے استفادہ کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرغزستان کے ساتھ تمام باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ سلامتی کونسل کی غیر مستقل سیٹ پر پاکستان کے کامیاب انتخاب میں کرغزستان کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔ ملاقات میں کرغزستان کے وزرا کی کابینہ کے چیئرمین ژاپاروف اکیل بیک نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک کے ساتھ تجارت کا فروغ کرغزستان کی ترجیح ہے، کرغزستان معیشت ، کاروبار اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ ژاپاروف اکیل بیک نے کہا کہ کرغزستان کی معاشی ترقی کے باعث تعمیراتی اور ٹیکسٹائل شعبے میں افرادی قوت کیلئے بڑے مواقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرغز شہریوں کیلئے پاکستانی ویزے کے اجرا کا عمل آسان بنانے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔