صدر مملکت آصف علی زرداری سے چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے ملاقات کی ہے ۔ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں معیشت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط سمیت اہم شعبوں میں دو طرفہ سٹریٹجک تعاون مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ دونوں ممالک پاک۔چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر عملدرآمد تیز کریں گے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے، انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاک۔چین تعلقات کو وسعت دینے کی مزید گنجائش موجود ہے۔

صدر مملکت نے تجارتی اور عوامی روابط مضبوط بنانے کیلئے ہمہ موسمی سڑکوں کے ذریعے روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چینی کمپنیوں کو پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری سے پاکستان میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک اور گوادر پورٹ کی مدد سے چین کی اقتصادی ترقی سے بھرپور استفادہ کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ صدر مملکت نے انہیں بتایا کہ وہ رواں سال نومبر میں چین کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ، وہپرانے دوستوں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے اور تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے بات چیت کے منتظر ہیں ۔

صدر مملکت نے ملاقات کے دوران اپنے سابقہ دور حکومت میں چین کے کئے جانے والے گزشتہ دوروں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان کو باہمی اہمیت کے اہم مسائل پر چین کی ہمیشہ غیر متزلزل حمایت حاصل رہی ہے۔ انہوں نے دہشت گردانہ حملے میں دو چینی شہریوں کی ہلاکت پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ دلخراش واقعہ پوری قوم کیلئے تکلیف کا باعث بنا۔صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین دوستی کے دشمن چینی شہریوں کو نشانہ بنا کر دوطرفہ تعلقات خراب کرنے اور سی پیک منصوبوں کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ دشمن اپنی مذموم کوششوں میں کامیاب نہیں ہوں گے، انہوں نے مجرموں کو مثالی سزا دینے کے پاکستان کے عزم کے اظہار کیا۔