عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم غزہ میں جاری قتل عام کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں،اسامہ حمدان

غزہ (صباح نیوز)حماس کے رہنماء اسامہ حمدان نے عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر حرکت میں آئیں اور اپنی سیاسی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے غزہ میں جاری قتل عام کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں،

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے  یہ قتل عام کوئی جنگ نہیں بلکہ ایک مکمل جرم ہے۔ یہ ہمارے لوگوں پر صرف ایک کھلی جارحیت نہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی واضح خلاف ورزی ہے۔ آج پوری دنیا پر فرض ہے کہ وہ ان سنگین جرائم کو روکنے اور صیہونی حکومت کے رہنماؤں کو عالمی عدالت میں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے اقدامات کرے۔ اسامہ حمدان نے کہا کہ ہم اپنے عرب اور اسلامی ممالک، عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر حرکت میں آئیں اور اپنی سیاسی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے غزہ میں جاری اس قتل عام کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔شمالی غزہ میں ہمارے بہادر عوام کو امداد فراہم کریں اور صیہونی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے میں ان کی مدد کریں۔

اسامہ حمدان نے کہا کہ ہم اپنی عرب و اسلامی قوموں، ان کی تنظیموں، تحریکوں اور دنیا بھر کے آزادی پسندوں کو پکار رہے ہیں کہ وہ فورا سڑکوں، میدانوں، یونیورسٹیوں اور اداروں میں نکلیں اور ہر ممکنہ طریقے سے صیہونی جارحیت کے خلاف آواز اٹھائیں۔ اس کے ساتھ ہم علما اور رائے عامہ کے رہنماں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی قوموں کو متحرک کرنے اور اس ظلم کے خلاف جاندار کردار ادا کرنے میں اپنا حصہ ڈالیں۔

اسامہ حمدان نے کہاکہ ہم ایک بار پھر واضح کرتے ہیں کہ یہ وحشیانہ منصوبہ، جسے ‘جنرلز کی منصوبہ بندی’ کہا جا رہا ہے، شکست سے دوچار ہو گا۔ جس طرح گزشتہ سال قابض حکومت اور اس کی فوج ہر محاذ پر ناکام ہوئی ہے، اسی طرح شمالی غزہ کے عوام کی ثابت قدمی اور مزاحمت اس منصوبے کو بھی خاک میں ملا دے گی۔ حماس رہنماء نے کہا کہ ہم غزہ کے بہادر اور ثابت قدم عوام کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے صبر و استقامت پر فخر کرتے ہیں۔ ہم یقین رکھتے ہیں کہ بہت جلد اللہ کے فضل و کرم سے دشمن کی طاقت کو توڑنے اور اس کے منصوبوں کو ناکام بنانے کا وقت آ پہنچے گا۔