192 فلسطینی طلبا کے گروپ میں سے 27 فلسطینی میڈیکل طلبا قاہرہ سے پاکستان روانہ


لندن(صباح نیوز)  الخدمت فاؤنڈیشن اورگلوبل ریلیف ٹرسٹ کے تعاون سے غزہ سے تعلق رکھنے والے 27 فلسطینی طلبہ طبی تعلیم مکمل کرنے کے لیے  قاہرہ سے پاکستان روانہ ہو چکے ہیں۔

لندن میں پاکستان ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل  نے ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ہائی کمیشن کی انتھک کوششوں سے ایک ناقابل یقین سنگ میل حاصل کیا گیا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن اورگلوبل ریلیف ٹرسٹ کے تعاون سے غزہ سے تعلق رکھنے والے 27 فلسطینی طلبہ طبی تعلیم مکمل کرنے کے لیے  قاہرہ سے پاکستان روانہ ہو چکے ہیں۔ہم  وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی کے شکر گزار ہیں ۔

دریں اثنامصر کے دارالحکومت قاہرہ میں واقع پاکستانی سفارت خانے نے اعلان کیا ہے کہ غزہ سے تعلق رکھنے والے 27 فلسطینی طلبہ تعلیم مکمل کرنے کے لیے پاکستان روانہ ہو چکے ہیں۔

جاری بیان میں پاکستانی سفارت خانے نے کہا کہ طب کے طلبہ کا یہ گروپ ان 192 فلسطینی طلبہ میں شامل ہیں جو جنگ متاثرہ غزہ سے میڈیکل اور ڈینٹل کی تعلیم جاری رکھنے کے لیے پاکستان روانہ ہوئے ۔سفارت خانے کے مطابق ان طلبہ کی پاکستان روانگی کے انتظامات الخدمت فاؤنڈیشن نے کیے ہیں۔سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ان طلبہ کو مکمل مالی اعانت سے چلنے والے پروگراموں پر پاکستان کی میڈیکل یونیورسٹیوں میں اپنی تعلیم جاری رکھنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔