جامع اور موثر معیارات کے ذریعے لوگوں کی فلاح و بہبود  ہماری ترجیح  ہے، شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ  پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی دنیا کے دیگر ممالک سے اشتراک کے تحت پاکستان میں تیار ہونے والی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے کام کر رہی ہے تاکہ مقامی صنعت میں نفاست اور مسابقت کو فروغ مل سکے .

معیارات کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  اپنے پیغام میں کہا ہے کہ  انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار اسٹینڈرڈائزیشن (ISO) کی جانب سے اس سال کا موضوع، “ایک بہتر دنیا کے لیے مشترکہ نقطہ نظر،” مینوفیکچرنگ اور سروسز دونوں شعبوں کی کامیابیوں کو آگے بڑھانے میں اعتماد کے ضروری کردار کی نشاندہی کرتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ موضوع  ہمیں بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی مصنوعات کی مسابقت کا جائزہ لینے کی ترغیب دیتا ہے۔ عوامی تحفظ، صحت اور ماحولیات کے حوالے سے ہماری وابستگی کے مطابق، مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر ہے کہ پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی نے پاکستانی شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے آٹوموٹو گاڑیوں کے لیے سخت حفاظتی معیارات مقرر کئے ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر  ہے کہ پی ایس کیو سی اے  نے کھانے کی مصنوعات میں صنعتی طور پر تیار کردہ ٹرانس فیٹی ایسڈز (آئی ٹی ایف اے) پر 2 فیصد کی حد مقرر کی ہے، جو پاکستان میں امراض قلب  کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔جامع اور موثر معیارات کے ذریعے   یہ کوششیں لوگوں کی فلاح و بہبود کی ترجیح  کے لئے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔پاکستان کی برآمدات میں اضافے کا براہ راست تعلق ہماری اشیا اور خدمات کا بین الاقوامی معیارات پر پورا اترنا ہے۔ ان معیارات کی پاسداری پاکستانی مصنوعات پر عالمی صارفین کے اعتماد کو فروغ میں مدد دیتا ہے، دنیا بھر میں ہمارے کاروبار کے لیے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے اور پائیدار اقتصادی ترقی کو مزید متحرک کرتا ہے۔ ان معیارات کو اپنانے سے مسابقتی فائدہ ہے  جس سے کاروباری اداروں کو بہتر تنظیمی اور مینوفیکچرنگ کے عمل کے ذریعے صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس سال عالمی معیارات کے دن کی تقریبات معیار کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ مسابقتی چیلنجز کے اس دور میں، حکومت، صنعت اور کاروباری برادریوں کے لیے دنیا بھر میں صارفین کے اطمینان کو یقینی بنانے کے لیے اس طرح کی آگاہی بہت ضروری ہے۔میں حکومت پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ متعلقہ تنظیمیں  اعلی ترین عالمی معیارات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب پاکستان کے سفر کو تیز کرنے میں مدد فراہم کریں گی۔